بہاولپور میں قاری کے مبینہ تشدد سے 13 سالہ بچہ جاں بحق
بہاولپور:(دنیا نیوز) پنجاب کے ضلع بہاولپور میں قاری کے مبینہ تشدد سے 13 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس تھانہ مسافر خانہ اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،تشدد کا نشانہ بننے والے جاں بحق بچے کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب بچے کے دادا کا ابتدائی بیان میں کہنا تھا کہ ہمارا بچہ گزشتہ 6 ماہ سے مدرسے میں زیر تعلیم اور رہائش پذیر تھا، قاری نے بچے پر تشدد کیا اور اسکی زبان کاٹی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔
علاوہ ازیں ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی کی ہدایت کی، پولیس نے مدرسہ کے قاری سمیت تین افراد گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے مقتول بچے کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا ۔