بھارت کے لیجنڈری گلوکار پنکج ادھاس علالت کے بعد انتقال کر گئے

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے لیجنڈری گلوکار پنکج ادھاس کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلوکار پنکج ادھاس کینسر کی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصے سے زیر علاج تھے اور اس دوران ممبئی کے ہسپتال میں وہ 72 سال کی عمر میں چل بسے، گلوکار کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔

پنکج ادھاس 17 مئی 1951ء کو بھارتی گجرات میں پیدا ہوئے، انہوں نے غزل گائیکی کا سفر آہٹ کے نام سے البم سے شروع کیا تھا، گلوکار نے کئی بالی وڈ فلموں کیلئے گیت بھی گائے۔

گلوکار کی مشہور غزلوں میں ’چاندنی رات میں‘، ’نا کجرے کی دھار‘، ‘آہستہ کیجیے باتیں‘، ’ایک طرف اس کا گھر‘ اور ’تھوڑی تھوڑی پیا کرو‘ شامل ہیں جو ہمیشہ ان کے پرستاروں کو یاد رہیں گی۔

پنکج ادھاس نے ‘چٹھی آئی ہے’ گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوا، گلوکار نے غزل گائیکی کے ذریعے کروڑوں دلوں پر راج کیا، پنکج ادھاس کو فنی خدمات کے اعتراف میں بھارت کے سب سے بڑے ایوارڈ ’’پدمہ شری‘‘ سے نوازا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں