رومانوی مناظر عکسبند کروانے کیلئے حدود کا تعین کر رکھا ہے: لائبہ خان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ لائبہ خان نے کہا ہے انہوں نے رومانوی مناظر عکسبند کروانے سے متعلق اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ لائبہ خان نے اداکار علی انصاری کے ہمراہ غیر ملکی فیشن میگزین کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
انٹرویو کے دوران رومانوی مناظر شوٹ کروانے سے متعلق بات کرتے ہوئے لائبہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں خواتین کے پاس اتنا اختیار ہے کہ وہ رومانوی مناظر شوٹ کروانے سے منع کردیں، انہیں کوئی کچھ نہیں کہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بہت ساری اداکاراؤں نے اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے، وہ رومانوی مناظر شوٹ نہیں کرواتیں، وہ ساتھی مرد اداکار کو چھونے کی اجازت تک نہیں دیتیں، اسی طرح میں نے بھی رومانوی مناظر سے متعلق اپنی حدود کا تعین کر رکھا ہے۔
علی انصاری کا کہنا تھا کہ رومانوی مناظر شوٹ کروانا آسان نہیں ہوتا، ایسے مناظر شوٹ کروانے سے قبل دونوں اداکار ایک دوسرے سے بات کر کے اپنی اپنی حدود پوچھ لیں اور پھر اسی حساب سے منظر کو شوٹ کروائیں تو بہتر ہو گا۔