جراسک پارک کے معروف اداکار سیم نیل انتقال کر گئے
سڈنی: (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کی شہرۂ آفاق فلم جراسک پارک کے معروف اداکار سیم نیل 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سیم نیل کے اہل خانہ کی جانب سے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ وہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں اپنے اہل خانہ کے درمیان انتقال کر گئے، وہ وفات کے وقت خون کے سرطان سے مکمل طور پر صحت یاب تھے، جبکہ اہل خانہ نے ان کی دیکھ بھال کرنے والے نجی ہسپتال کے طبی عملے کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے سیم نیل نے 1993ء کی بلاک بسٹر فلم جراسک پارک میں ڈاکٹر ایلن گرانٹ کا یادگار کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کی، انہوں نے دی پیانو، دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر اور پیکی بلائنڈرزؤ سمیت متعدد فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سیم نیل نے 2023ء میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری میں انکشاف کیا تھا کہ وہ تیسرے درجے کے خون کے سرطان (نان ہاجکن لِمفوما کی ایک نایاب قسم) میں مبتلا تھے، تاہم رواں برس اپریل میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ علاج کے بعد وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سیم نیل نے بیماری کا مقابلہ بھی اسی وقار، مزاح اور عزم کے ساتھ کیا، جس نے ان کی ہر اداکاری کو یادگار بنایا، سیم نیل کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
سیم نیل نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1970ء کی دہائی میں کیا تھا اور پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں فلم اور ٹیلی وژن کی دنیا میں گراں قدر خدمات انجام دیں، اداکاری کے علاوہ وہ نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے کے علاقے سینٹرل اوٹاگو میں انگور کے باغات کے بھی مالک تھے۔