فرینڈز آف سیونٹینز تھیٹر ڈرامہ الحمرا میں پیش، پہلے ہی شو میں ہال ہاؤس فل

لاہور: (دنیا نیوز) الحمرا میں فرینڈز آف سیونٹینز تھیٹر ڈرامہ پیش کردیا گیا، پہلے ہی شو میں ہال ہاؤس فل رہا جبکہ شہریوں نے ڈرامے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ شائقین کے قہقہوں سے الحمرا ہال گونج اٹھا۔

فرینڈز آف سیونٹینز کی نمایاں خصوصیات میں مضبوط کہانی، مؤثر پلاٹ اور معیاری مکالمے شامل ہیں۔ ڈرامے میں 1970 کی دہائی کی سماجی زندگی، انسانی رشتوں اور گھریلو ماحول کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں معیاری فیملی تھیٹر کا احیاء اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن عوام کو معیاری، شائستہ اور بامقصد تفریح فراہم کرنا ہے، طویل عرصے بعد لاہوریوں کو شائستہ اور بامقصد فیملی تھیٹر دیکھنے کا موقع ملا ہے، فرینڈز آف سیونٹینز نئی نسل کو ماضی کے معاشرتی رنگوں سے روشناس کرانے کی ایک مثبت کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فنونِ لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ فیملی تھیٹر کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ اس کے ذریعے مثبت اور بامقصد پیغام رسانی بھی ہے۔

فرینڈز آف سیونٹینز کا سکرپٹ سید انجم نے تحریر کیا ہے جبکہ ڈرامے کی ہدایات معروف اداکار وسیم عباس نے دی ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں معروف فنکار ہنی البیلا، قیصر پیا اور اشرف خان شامل ہیں، جبکہ مہر چوہدری، ایمان نور، عثمان راج، شیزہ بٹ اور احمد مغل بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ڈرامے کے پہلے شو میں عوام، صحافتی برادری اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔

فرینڈز آف سیونٹینز 14 اگست تک الحمرا میں پیش کیا جائے گا، جہاں شہری معیاری اور بامقصد فیملی تھیٹر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...