پی این ایس ذوالفقار کا جرمنی کا دورہ، جرمن بحریہ کے افسران نے استقبال کیا

پاکستان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی سمندروں میں تعیناتی کے سلسلے میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے ہیمبرگ، جرمنی کا دورہ کیا۔ جہاز کی آمد پر، برلن میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور جرمن بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔

بندرگاہ کے دورے کے دوران، مشن کمانڈر کموڈور سید رضوان خالد اور جہاز کے کمانڈنگ افسر کیپٹن راؤ احمد عمران انور نے چیف آف اسٹاف جرمن نیول کمانڈ رئیر ایڈمرل فرینک لینسکی، کمانڈر ہیمبرگ نیول کمانڈ کیپٹن مائیکل گس اور ہیمبرگ پورٹ کے چیف ہاربر ماسٹر مسٹر پولمین سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے کے امن اور بحری سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا گیا۔ مشن کمانڈر نے جرمنی کی عوام کے لیے بالعموم اور جرمن بحریہ کے لیے بالخصوص چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسر نے جرمن بحریہ کی یادگار لیبو کیل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ علاوہ ازیں پی این ایس ذوالفقار پر پاکستان اور جرمنی کے مابین 70سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

قبل ازیں پی این ایس ذوالفقار نے پولینڈ بحریہ کے جہاز او آر پی کورموران کے ساتھ دوطرفہ بحری مشق میں حصہ لیا۔ مشق میں جدید بحری حربے جن میں میری ٹائم انٹر ڈکشن آپریشنز بورڈنگ، فورس پروٹیکشن ڈرل شامل تھے۔ مشق کا مقصد بحری معاملات کے ذریعے دفاعی معاونت کو فروغ دینا اور دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔

پی این ایس ذوالفقار کا دورہ جرمنی اور پالش بحریہ کے ساتھ بحری مشق میں شرکت دوست ممالک کے درمیان نہ صرف بحری افواج کے مابین تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ سفارتی اور دفاعی تعلقات کوبھی فروغ دے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں