پشاور: دال اور چاول سمیت 22 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان

تجارت

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ کرا سکی، دال اور چاول سمیت 22 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان ہوگئے۔

پشاور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات نہ اٹھائے جا سکے، اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخنامے اور دکانوں پر فروخت کی جانیوالی اشیاء کے نرخوں میں نمایاں فرق سامنے آگیا۔

سرکاری نرخنامے میں دال ماش 250 روپے فی کلو درج ہے لیکن مارکیٹ میں 280 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، سفید چنا 190 کی بجائے 220 ، لوبیا 190 کی بجائے 230، دال مسور 180 کی بجائے 220 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے، روزانہ کی بنیاد پر اضافے سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے جبکہ نرخنامہ صرف چھ ماہ کےلیے جاری کیا جاتا ہے، مارکیٹ میں چینی، تیل اور گھی کی قیمتوں میں بھی یومیہ بنیادوں پر اضافہ ہورہا ہے، چینی 110 روپے فی کلو جبکہ اچھی کوالٹی کے گھی کا فی کلو پیکٹ 350 روپے میں بیچا جارہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کےلیے اقدامات ضروری ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں