اپوزیشن شفاف الیکشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے: فرخ حبیب

پاکستان

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مافیا ملک میں شفاف الیکشن نہیں چاہتا، اپوزیشن شفاف الیکشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن چاہتے ہیں، ووٹر کو آگاہی دینا اور عملے کی تربیت بھی الیکشن کمیشن کا کام ہے، ماضی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے، اپوزیشن ماضی میں الیکشن کمیشن کو دھاندلی کا ذمہ دارقرار دے چکی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، اس وقت ٹھپہ مافیا ای وی ایم کے راستےمیں حائل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات ریکارڈ سطح پر ہیں، آج ملک میں صنعتیں چل رہی ہیں۔

ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہر ادارے کا احترام کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے ہر ادارے پر حملہ کیا، ن لیگ کو الیکشن کمیشن کے دفاع کا دن رات درد اٹھ رہا ہے، یہ انتخابی اصلاحات کو روک کر دھاندلی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی ان کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں