بلال یاسین قاتلانہ حملہ ، میاں وکی کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں نامزد مرکزی ملزم میاں وکی کی دبئی سے گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ کے معاملہ پر اہم پیش رفت سامنے آئی اور حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ وزارت داخلہ کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے دبئی کی وزارت خارجہ کو میاں وکی کے ریڈ وارنٹ بھجوا دیئے جبکہ دبئی وزارت خارجہ کو ماسٹر مائنڈ میاں وکی کے ریڈ وارنٹ موصول ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دبئی میں قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد ماسٹر مائنڈ میاں وکی کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔

 خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے ایم پی بلال یاسین پر حملہ کیس میں تفتیشی پولیس نے مشہور بکی میاں وکی کو ملزم نامزد کیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق بلال یاسین پر حملہ کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے اور تفتیشی افسر نے میاں وکی کو ضمنی میں مرکزی ملزم لکھا ، شاہدرہ سے گرفتار ہونے والے دونوں شوٹرز کے بیانات اور دیگر ذرائع سے موصول اطلاعات پر ملزم قرار دیا گیا ۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار نے کہا تھا کہ  لیگی رہنما بلال یاسین پر فائرنگ کے نامزد ملزم میاں وکی کو جلد گرفتار کیا جائے گا ، ملزمان کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں وکی کی بیرون ملک گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے جاری ہیں، سی آئی اے کی ٹیم انٹر پول کے ذریعے میاں وکی کو گرفتار کرے گی۔

خیال رہے کہ بلال یاسین کو 30 دسمبر کی رات موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ سے زخمی کیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں