امریکی ڈالر مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں دوبارہ مندی

تجارت

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مسلسل تیسرے کاروباری روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد ایک مرتبہ پھر مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز کے دوران اضافہ دیکھا گیا، امریکی کرنسی کی قدر 27 پیسے اضافے کے بعد 176 روپے 22 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 49 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 7.46 پوائنٹس کی معمولی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 44825.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.02 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 11 کروڑ 36 لاکھ 58 ہزار 997 شیئرز کا لین دین ہوا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں