اقتدار سے نکالنے پر خطرناک ہونے کی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیاں ہیں: مریم نواز

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی عوام سے براہ راست گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سے نکالنے پر خطرناک ہونے کی دھمکیاں گیدڑ بھبھکیاں ہیں ، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ آپ کی دھمکیاں کہ اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا، گیدڑ بھبھکیوں کے سوا کچھ نہیں ، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے، نا آپ نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑی تھی نا ہی آپ بیچارے اور مظلوم ہیں، آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے مزید لکھا کہ عمران خان کے ہر لفظ میں ناکامی، اپنے اور پی ٹی آئی کے مستقبل سے کوئی امید نہیں تھی، عمران خان صاحب، اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں ، جتنی دیر آپ اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں۔

نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ تاریخ ہمیں ایسے لوگوں سے بچنے کا سبق سکھائے گی جو عوامی طاقت سے زیادہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان یہ سب ناگزیر تھا، عمران خان تم تاریخ ہو۔

حکومت سے نکل گیا تو آپ کیلئے زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا: وزیراعظم

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے نکل گیا تو آپ کیلئے زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا، پارٹی کومنظم رکھنے کیلئے یہ لوگ واپسی کی باتیں کرتے ہیں، اپوزیشن اپنی چوری بچانےکیلئے نکل رہی ہے، سڑکوں پرنکلا تو اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، ہر بیروزگار سیاستدان کہتا ہے میں حکومت گرادوں گا، 11 پارٹیوں کا گلدستہ بھی مینار پاکستان نہیں بھر سکا اور ہم نے مینار پاکستان کو 4 بار بھرا،مجھے ان کے پاکستان آنے کاشدت سے انتظارہے، قوم آئندہ بھی ہماراساتھ دے گی۔

عمران خان نے عوام سے نوکری میں توسیع کی درخواست کی: مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام سے گفتگو نہیں بلکہ نوکری میں توسیع کی درخواست کی تھی ، جس کی نوکری نوٹس پیریڈ پر چل رہی ہو وہ شہباز شریف کو تو یاد کرے گا۔

سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ‎ ایک ہارے ہوئے، مایوس، نالائق اور چور ثابت ہوجانے والے شخص کے جذبات کا اظہار تھا ، ‎عمران صاحب گھبرانے کا نہیں، اب گھر جانے کا وقت ہے ، چار سال میں عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو نوازشریف، شہبازشریف نہ کرنا پڑتا، نوازشریف مسکراتا رہے گا اور عمران صاحب روتے رہیں گے ۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ‎نوازشریف، شہبازشریف نے قوم کی دعائیں لیں اور عمران صاحب نے بد دعائیں لیں، روئیں، چیخیں، پیٹیں جو مرضی کہیں، عمران صاحب گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے ۔

شہبازشریف کی تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے: وزیراعظم

کہا جاتا ہے کہ میں شہبازشریف سے ہاتھ نہیں ملاتا، شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں قومی مجرم سمجھتا ہوں، شہبازشریف نے داماد اور بیٹے کو ملک سے فرار کرایا، شہبازشریف پارلیمنٹ میں 3،3 گھنٹے کی تقریریں کرتے ہیں، تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے۔ مقصود چپڑاسی کےاکاؤنٹ میں 16 کروڑ روپے کیسے آگئے؟، جب سوال پوچھاجائےتو کہتے ہیں بچے باہر ہیں ان سے پوچھیں، شہبازشریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ ہونا چاہیے، اپوزیشن کواین آراو نہیں دوں گا، مجرموں سےمفاہمت کروں گا تو قوم سے غداری کروں گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں