وزیراعظم کا کچ میں دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنیوالے 10 شہیدوں کو سلام

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کچ میں دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنے والے 10 شہیدوں کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں محفوظ رکھنے کیلئے ہمارے بہادر سپاہی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، پاکستان کو ہر قسم کی دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں۔

 وزیر داخلہ شیخ رشید نے بلوچستان کےعلاقہ کیچ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت اور انتہائی تکلیف دہ ہے، وطن کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے، دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلوچستان کی ترقی اور ملکی سلامتی کا مشن جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بدزدار کا کہنا تھا کہ کچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں، شہداء نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنا آج قربان کیا، شہداء ہمارا سرمایہ ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے، دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہا ہے، دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہے، قومی یکجہتی اور اتفاق کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے کچ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور حملے میں پاک فوج کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے، دہشتگردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مادر وطن کے لئے پاک فوج کی قربانیاں لا زوال ہیں، قوم پاک فوج کے جوانوں کی ملک کے امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں