تمام دکھوں کا مداوا آقائے دو جہاںﷺ کی تابعداری میں ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے نبی کریم ﷺ کو تمام انسانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا، تمام دکھوں کا مداوا آقائے دو جہاں کی تابعداری میں ہے، آج کا دن بہت برکتوں اور سعادت والا ہے۔

سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺکو لوگوں کی فلاح کیلئے بھیجا، انسانیت غلامی کی زنجیر میں جکڑی ہوئی تھی اور بچیوں کو زندہ درگور کرنے کے قابل نفرت رواج قائم تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نبی کریمﷺصادق اور امین ہیں، اس کیلئے کسی گواہی کی ضرورت نہیں، مدینہ کی ریاست سیاسی اور مذ ہبی آزادی کی بہترین مثال تھی جبکہ مذہبی آزادی میں یہ بھی شامل تھا کہ غیر مسلم کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کیا ہم جواب دینے اور حقیقت کا سامنے کرنے کی جرات رکھتے ہیں، آخر کب تک ہم روایتی تقرریں کرتے اور سنتے رہیں گے۔

 قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں ﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون و مکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ﷺ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا، میری طرف سے اس نعمتِ عظمی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ جس ماہتابِ نبوت کا انسانیت صدیوں سے انتظار کر رہی تھی کہ وہ طلوع ہو اور اپنی ضیا پاشیوں سے جہالت، ظلم، بربریت، استحصال کے گھٹاٹوپ اندھیروں کو دور کرے، اس سالارِ نبوت ؐکی تشریف آوری 12 ربیع الاول کو ہوئی، اللہ تعالی نے مومنوں پہ احسان فرماتے ہوئے فخرِکون ومکاں، سرور انس وجان او ر نبی آخر الزماں حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ؐ کو تمام انسانوں کی طرف مبعوث فرمایا، میری طرف سے اس نعمتِ عظمی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو، یہ اللہ تعالی کا احسانِ عظیم ہو ا کہ اس نے حضور ؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا، آپ ؐ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا۔ یتیموں اور بیوائوں کو پناہ ملی، غریبوں کو خودداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، فکر کو ندرت، عمل کو طہارت، نفرتوں اور عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو اخوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی۔ حضور نبی کریم ؐ کی سیرت مقدسہ تمام انبیاء و رسل کی خوبیوں کا جامع ہے، آپؐ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا، اللہ تعالی کی وحدانیت اور انسانوں کی برابری کی تعلیم دی، بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلی اخلاق پر رکھی اور ظلم و ناانصافی کی ہر شکل کو ممنوع قراردیا، آپ ؐ کے اثر انگیز ارشادات اور اسو حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گی، جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔

شہباز شریف کہا کہ قیامت تک انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاں ؐکی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالی ہمیں اپنے حبیب مکرمؐ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔ آمین، پاکستان پائندہ آباد۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں