مختلف شہروں سے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلوس برآمد

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے مرکزی جلوس برآمد ہو گئے۔

لاہور میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے نکالا جارہا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں سے نکالے گئے چھوٹے بڑے جلوس بھی اس مرکزی جلوس میں شامل ہو رہے ہیں، مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں برانڈرتھ روڈ، سرکلر روڈ سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس سے قبل ریلوے سٹیشن کے باہر رنگارنگ تقریب کابھی اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،حاضرین کو قومی رضا کاروں نے سلامی پیش کی۔

کراچی

کراچی میں آج 3 مرکزی جلوس نکالے جا رہے ہیں، تینوں جلوس نمائش چورنگی پہنچیں گے۔

شہرقائد میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سنی تحریک کی ریلی کی قیادت شاداب رضا نقشبندی کر رہے ہیں،ریلی لیاقت آباد ڈاک خانے سے شروع ہو کر کھارادر چھٹن شاہ کے مزار پر ختم ہو گی۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں مرکزی جلوس کے روٹ کی طرف آنے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جہاں پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔

ملتان

ملتان میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس قلعہ کہنہ قاسم سے برآمد ہو گیا، پولیس کے مطابق دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں 12 ربیع الاول کے سلسلے میں ضلع بھر میں 143 جلوس اور 20 محافل منعقد کی جائیں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور محفل کی سکیورٹی کے لیے 4 ہزار 561 پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، مرکزی جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

پاکپتن

پاکپتن میں 12ربیع الاول کا جلوس غلہ منڈی سے برآمد ہوا۔ جلوس کی قیادت مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیدار، سیاسی و مذہبی رہنما کر رہے ہیں۔

اوکاڑہ

اوکاڑہ میں 12ربیع الاول کی مناسبت سے 69 جلوس بر آمد ہو گئے جن میں لوگ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔

موبائل فون سروس معطل

ادھر 12ربیع الاول کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ راولپنڈی میں بھی مرکزی جلوس اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس کو معطل کیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں