آئین کی پاسداری کیلئے ہر اے پی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں: عمران خان

لاہور: (دنیا نیوز) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئین کی پاسداری کیلئے ہر طرح کی اے پی سی میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔

سی پی این ای کے صدر کاظم خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے قتل کی سازش میں رانا ثنا اللہ کا کلیدی کردار ہے، سازش کے باقی دو کرداروں کے نام پہلے ہی بتا چکا ہوں، قتل کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے میں تینوں کا اہم کردار ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ رانا ثنا اللہ ایک بزدل آدمی ہے، قتل کی دھمکیوں اور ارادے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا، رانا ثنا اللہ وزیر داخلہ نہیں دہشت گرد مافیا کا رکن ہے، ان کا کردار عابد شیر علی کے باپ سے پوچھ لیں۔

عمران خان نے کہا الیکشن اگر مقررہ تاریخ سے آگے گئے تو سمجھیں قانون ختم، پی ٹی آئی کے امیدوار 30 اپریل کے حساب سے مہم جاری رکھیں، عدالت عظمیٰ پر الزام تراشی اور دباؤ میں لانے کی کوششیں ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے، یہ وہی ہیں جن کے مسلح جتھے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوئے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں