76 ویں یوم آزادی پر نامور قومی شخصیات کے خصوصی پیغامات

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے قیام کے 76 برس مکمل ہونے پر مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کئے ہیں۔

مملکت خداداد پاکستان کا کل 76 واں یوم آزادی ہے، پاکستان کے قیام کے 76 برس مکمل ہونے پر مذہبی، سماجی، شوبز، سپورٹس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور ملکی شخصیات نے قوم کو مبارک باد دی ہے اور اپنے خصوصی پیغامات جاری کئے۔

سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے قوم کو 76 ویں جشن آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد وطن اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمارے اکابر نے بہت قربانیوں کے بعد یہ وطن حاصل کیا تھا۔

سماجی رہنما رمضان چھیپا نے کہا کہ پاکستان ایسی سر زمین ہے جس سے دنیا میں ہماری پہچان ہے، یہ ثمر ہے ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا ہے اور اسی لئے ہمارے حوصلے بلند ہیں، آزاد فضا آزاد زمین ہے، جو خواب ہمارا ورثہ ہے، اس ورثے کو اپنانا ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، کیونکہ دل تو پاکستان ہے۔

معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور یہ ہم سب کا ملک ہے، آئیں آج مل کر عہد کریں اپنے دل سے کہ اس ملک کی پہچان بنیں گے،اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اس دنیا میں پاکستان ہماری پہچان ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ ملک عطا کیا، ہم اللہ پاک کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں۔

سابق اولمپئن اصلاح الدین کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، جس میدان میں جاتے ہیں اس کا پرچم سینے سے لگاتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں