خیبرپختونخوا اسمبلی: بابرسلیم سواتی سپیکر، ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر منتخب

پشاور : (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے بابرسلیم سواتی سپیکر جبکہ ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔

سپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں سپیکراور ڈپٹی سپیکر کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی 89 ووٹ حاصل کرکے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے،  ان کے مدمقابل اپوزیشن کے احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ حاصل کیے۔

اس موقع پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کاکہنا تھا کہ  کل ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد 106ہے، کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔

بابر سلیم سواتی ایبٹ آباد پی کے 53 سے 35 ہزار 213 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، وہ پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار تھے اور بعدازاں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔

ڈپٹی سپیکر کی حلف برداری

خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کےلیے کل 106 ووٹ  کاسٹ کیے گئے، سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی 87 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے ارباب وسیم 19 ووٹ لے سکے۔

بعد ازاں خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب سپیکر بابرسلیم سواتی نے ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے والی ثریا بی بی سے عہدے کا حلف لیا۔

قبل ازیں دو نو منتخب اراکین عبدالمنعم اور لئیق شاہ نے حلف اٹھا لیا۔

گزشتہ روز 5 مخصوص نشستوں پرخواتین سمیت 116 نے حلف اٹھایا تھا، آج دو اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا جس کے بعد ارکان کی تعداد 118 ہوگئی ہے ۔

بعدازاں سپیکر نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں