صدارتی انتخاب: آصف زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت کی نشست کیلئے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری کے صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کئے۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے لطیف کھوسہ، عمر ایوب خان اور دیگر رہنماؤں نے صدر کے لئے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیئے۔

بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کی اجازت دی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے آصف علی زرداری کے کاغذات سندھ ہائیکورٹ میں بھی جمع کرائے، آصف زرداری کے تجویز کنندہ مراد علی شاہ جبکہ ناصر حسین شاہ تائید کنندہ ہیں۔

علاوہ ازیں 3 آزاد امیدواروں نے بھی کاغذات اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیئے۔

آزاد امیدوار اصغر علی مبارک، عبدالقدوس اعوان اور وحید احمد کمال نے صدارتی امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

یاد رہے کہ شیڈول کے مطابق صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہوگا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو ریٹرننگ آفیسر صبح 10 بجے کریں گے، کاغذات نامزدگی 5 مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لئے جا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی۔

صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 4 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں