اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کو پاؤڈر بھرے، دھمکی والے مشکوک خطوط موصول

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کو پاؤڈر بھرے، دھمکی آمیز مشکوک خطوط موصول ہوئے ہیں، جس کی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق خط ریشم اہلیہ وقار حسین نامی خاتون نے لکھا ہے، خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے خط ہائیکورٹ ججز کو ارسال کیے، ایک جج کے سٹاف نے خط کھولا تواس میں پاؤڈر موجود تھا، پاؤڈر میں کیا ہے، پولیس تحقیقات میں مصروف ہے۔

خط کے اندر ڈرانے، دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خط 8 ججز کو موصول ہوئے ہیں، آج کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہی تھی، بنیادی طور پر ہائیکورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی آئی جی سکیورٹی کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی ماہرین کی ٹیم نے مواد اور خط اپنی تحویل میں لے لیے، ہائی کورٹ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی فوٹیجز لے لی گئیں۔

ڈی آئی جی سکیورٹی نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ میں آنے والے خطوط اور مواد کا فرانزک کروایا جائے گا، پولیس سکیورٹی ڈویژن اسلام آباد ہائی کورٹ کی مکمل سکیورٹی پر تعینات ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں