پٹرول پر جی ایس ٹی لگانے کی کوئی سمری یا تجویز نہیں آئی: مصدق ملک
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پٹرول پر جی ایس ٹی لگانے کی کوئی سمری یا تجویزنہیں آئی۔
دنیا نیوز کے پروگرام "آن دی فرنٹ" میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن تیل منگوایا تھا، روس سے آنے والے کارگو سے ایک ارب کا فائدہ ہوا، امریکا کا حکومت پر اس حوالے سے کوئی پریشر نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوتا ہے، حکومت ڈالر میں پٹرول خریدتی ہے، مشرق وسطیٰ میں غیریقینی صورتحال کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، اگر بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے تو کیا کر لیں گے؟ ہم نے تو پی ٹی آئی کو پہلے حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عدم اعتماد لائیں اور آکر حکومت لے لیں، جب تک ہمیں موقع ملے گا ہم کام کرتے رہیں گے، اگر بانی پی ٹی آئی کے پاس غربت کم کرنے کا زیادہ بہتر حل ہے تو وہ آکر حل کر دیں۔