شہر قائد میں مطلع ابر آلود، آج رات سے ہلکی بارش کا امکان

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں مطلع ابر آلود ہے جس کے باعث شہر میں آج رات سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے19 اپریل کو شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد اور شمال مغرب سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار انتہائی مضر صحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج پہلے نمبر پر موجود ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں