وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے اہم فیصلوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارتِ قانون وانصاف کی سفارش پر صوبہ بلوچستان میں انسدادِ منشیات کے مقدمے نمٹانے کے لیے مکران ڈویژن میں ایک اضافی خصوصی عدالت قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار ضلع پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ تک ہوگا، کابینہ نے ہدایت کی کہ خصوصی عدالت میں اچھی شہرت کے ججز تعینات کیے جائیں اور استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

اجلاس میں افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں یکم اپریل 2024 سے 30 جون 2024 تک توسیع کی منظوری دی گئی، وفاقی سیکرٹری برائے نجکاری نے کابینہ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کی حالیہ پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے 2 اپریل کو قومی و بین الاقوامی اخبارات میں اظہارِ دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات شائع ہو چکے ہیں جن کی آخری تاریخ 3 مئی ہے اور اب تک متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اجتماعی کاوشوں سے معاشی صورتحال بہترہورہی ہے : وزیراعظم

وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت جاری کی، کابینہ نے سیکرٹری ایوی ایشن سے پاکستان کے ہوائی اڈوں خصوصاً لاہور اور کراچی میں سہولیات کی بہتری کے حالیہ اقدامات پر بریفنگ لی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ہوائی اڈوں پر سروس کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے اور سہولیات کی مزید بہتری پر کام جاری ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ شعبہ زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے ڈرون پالیسی کے حوالے سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے اور جلد کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے بورڈ کے چار ایکس آفیشو ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 18 اپریل 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں