ججز تعیناتی کے طریقہ کا معاملہ، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی

اسلام آباد :(دنیا نیوز )ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار میں نظر ثانی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوگیا۔

جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر ،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس یحییٰ آفریدی شریک ہوئے،اس کے علاوہ اجلاس میں چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان بھی شامل تھے۔

سپریم کورٹ ذرائع نے بتایا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ منظور ملک نے بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز میں ترمیم کا فیصلہ نہ ہوسکا، رولز کی منظوری کا معاملہ آئندہ اجلاس تک ملتوی ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ ترامیم کے مسودے کو 4 دسمبر 2023 کو قائم کی گئی کمیٹی نے حتمی شکل دی جس کے چیئرمین سپریم کورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ، شریک چیئرمین سابق جج منظور ملک اور دیگر تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں