آئرلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ٹی 20 میچ میں شکست دیدی

ڈبلن: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

آئرش ٹیم نے 183 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، اینڈی بالبرینی 77 رنز کیساتھ نمایاں رہے، ہیری ٹیکٹر 36، جورج ڈوکریل 24، کپتان پال اسٹرلنگ 8 اور لورکن ٹکر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 57 اور صائم ایوب 45 رنز کیساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان ایک، فخر زمان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں ہونیوالی پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان پال سٹرلنگ نے ٹاس جیت کر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں