کے پی حکومت نے انسداد منشیات کیلئے ایکشن پلان کی منظوری دیدی

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت انسداد منشیات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں انسداد منشیات کے لئے ایکشن پلان کی منظوری دیدی گئی۔

ایکشن پلان میں تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا، اجلاس میں انسداد منشیات کے لئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، 2000 منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا منشیات کے عادی افراد کی بحالی میں نجی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کیا گیا، تعلیمی اداروں کے طلبہ کو اس لعنت سے محفوظ کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں  اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی لازمی جنرل سکریننگ کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا، طلبہ کی جنرل سکریننگ رپورٹ کو راز رکھا جائے گا، سکریننگ رپورٹ صرف طلبہ کے والدین کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔

اجلاس میں منشیات سپلائی کرنے والے بڑے مگر مچھوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا بھی فیصلہ کیا گیا، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ منشیات کے استعمال کا رحجان خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، منشیات کے استعمال کے مؤثر تدارک کے لئے سنجیدہ و مربوط اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں