عمران خان کا چیف جسٹس پر عدم اعتماد، نیب ترامیم پر انٹرا کورٹ اپیل خارج کرنیکی استدعا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی انٹرا کورٹ اپیل خارج کرنے کی استدعا کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی انٹرا کورٹ اپیل پر سپریم کورٹ میں اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ ماضی میں کرپشن کرنے والوں نے قوانین اور پارلیمنٹ کو اپنی ڈھال بنایا، قوانین کا مقصد کسی فرد واحد نہیں عوام کیلئے ہونا چاہیے، سپریم کورٹ کو حقائق کے سامنے آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیئں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ کسی شخص کی کرپشن بچانے کیلئے قوانین میں ترامیم بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتیں، نیب اگر اختیار کا غلط استعمال کرتا ہے تو ترامیم اسے روکنے کی حد تک ہونی چاہیئں، اختیار کے غلط استعمال کی مثال میرے خلاف نیب کا توشہ خانہ کیس ہے، نیب نے میرے خلاف کیس بنانے کیلئے ایک کروڑ 80 لاکھ کے نیکلس کو 3 ارب 18 کروڑ کا بنا دیا۔

عمران خان نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی انٹرا کورٹ اپیل پر سپریم کورٹ میں اپنے تحریری جواب میں چیف جسٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ میرے کیسز پر سماعت نہ کریں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں