یورو کپ فٹبال 2024 کا تاج سپین کے سر سج گیا، انگلینڈ کو شکست

برلن: (دنیا نیوز) یورو کپ 2024ء کے فائنل میں سپین نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

یورو فٹبال کپ 2024ء کا فائنل جرمنی کے شہر برلن میں سپین اور انگلینڈ کے درمیان ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کے اہم مقابلے میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، میچ کے آغاز میں سپین اور انگلینڈ نے ایک دوسرے پر گول کرنے کیلئے بھرپور اٹیک کیا۔

پہلے ہاف کا وقت ختم ہونے تک دونوں فائنلسٹ میں سے کوئی بھی ٹیم بال کو جال تک پہنچانے میں کامیاب نہ ہو سکی، دوسرے ہاف میں سپین کی ٹیم نئی پلاننگ کیساتھ میدان میں آئی اور دوسرے ہی منٹ میں نکو ولیمز نے گول کر کے سپین کو میچ میں برتری دلا دی جو زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی۔

میچ کے 73 ویں منٹ میں انگلش فٹبالر کول پارمر نے بال کو جال میں پہنچا کر سپین کی برتری کو برابری میں بدل دیا، اس کے بعد دونوں ٹیموں نے اختتامی وقت تک گول کرنے کی سرتوڑ کوشش کی۔

میچ وقت ختم ہونے سے چند منٹ پہلے سپینش فٹبالر مائیکل اوزربال نے کامیابی سے گول کر کے ایک بار پھر برتری ثابت کر دی جو آخر تک برقرار رہی، یوں سپین نے 2 کے مقابلے میں ایک گول سے یورو فٹبال کپ 2024ء کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں