خیبرپختونخوا میں کل بارش، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں منگل کے روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ خیرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا اور زیریں سندھ میں آندھی، جھکڑ چلنے، گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، صبح کے اوقات میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند، باجوڑ، مردان اور پشاور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بلوچستان میں ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ ، مٹھی، میرپور خاص اور سانگھڑ میں بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور چند مقا مات پر تیز ہواؤٔں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں