عمان کی مسجد میں دہشت گرد کی فائرنگ سے 4 افراد شہید، متعدد زخمی

عمان :(ویب ڈیسک ) سلطنت عمان کی امام علی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رائل عمان پولیس نے واقعہ کی تصدیق کی اور بتایا کہ مسقط کے علاقے الوادی الکبیر میں ایک مسجد کے قریب فائرنگ ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکام نے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں اور واقعے کے اردگرد کے حالات کا جائزہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق واقعہ مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی مسجد میں پیش آیا، جہاں مجلس عزا جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے، مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی حکام اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور ہلاکت سے متعلق معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ فورس نے مشرقی مسقط کی مسجد میں ابتدائی طور پر چار ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے، صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، اور حکام اس واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کررہے ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں