ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ : دونوں پاکستانی کھلاڑی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

نیویارک :(ویب ڈیسک) امریکا میں جاری ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کھلاڑی حمزہ خان اور عبداللہ نواز کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

ہیوسٹن میں ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن اور سیکنڈ سیڈ حمزہ خان کو کوریا کے جو ینگ نا نے شکست دی،67 منٹ جاری رہنے والے میچ میں کورین کھلاڑی نے 2-3 سے فتح سمیٹی۔

حمزہ خان نے دو صفر کے خسارے کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر کیا لیکن فیصلہ کن گیم میں حمزہ خان پھرتیلے کورین کھلاڑی کے سامنے بے بس رہے۔

حمزہ کے خلاف جو ینگ کی کامیابی کا سکور 9-11، 9-11، 11-7، 11-3 اور 5-11 رہا،حمزہ خان کے بعد عبداللہ نواز کو بھی کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عبداللہ نواز کو ٹاپ سیڈ مصر کے محمد ذکریا نے شکست دی ۔ ذکریا نے عبداللہ کو باآسانی 33 منٹ میں 3-0 سے ہرادیا، ان کی جیت کا سکور 4-11، 2-11 اور 3-11 رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں