تحریک انصاف نے پٹرولیم قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ مسترد کردیا
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناقابلِ برداشت اضافہ مسترد کر دیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے مینڈیٹ چور سرکار سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ نااہل، نالائق اور بے رحم مینڈیٹ چور حکومت تاریخ کی سب سے بڑی عوام دشمن سرکار بن کر سامنے آئی ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے محروم حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے جس سے عوام کی زندگیاں مشکل سے مشکل ترین ہوتی جا رہی ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مہنگے ایندھن اور مہنگی ترین بجلی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور معیشت کا بھُرکس نکال دیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کو بہتر کرنے اور عوام کی آمدن اور قوتِ خرید بڑھانے کی بجائے تیل اور بجلی کو ریاستی بھتہ خوری کا کلیدی وسیلہ بنا دیا گیا ہے۔