خیبرپختونخوا: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے بڑھتی مہنگائی سے پریشان سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ بجٹ میں گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جسے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا، تنخواہوں کے علاوہ پنشن بھی مزید 10 فیصد بڑھائی جائے گی۔

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کیلئے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کیلئے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا، وفاق کی طرز پر خیبرپختونخوا کابینہ نے بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ تنخواہوں میں اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا، تنخواہوں میں اضافے سے صوبے کے خزانے پر 75 سے 80 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں