پی ٹی آئی والے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں: دانیال چودھری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) دانیال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، ملک کمزور ہوا تو کوئی جماعت سیاست نہیں کر سکے گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ن لیگ دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 9 مئی احتجاج کی ہدایات دیں، بانی پی ٹی آئی نے تسلیم کیا گرفتاری پر جی ایچ کیو اور عسکری تنصیبات پر احتجاج کرنا تھا۔

دانیال چودھری نے کہا کہ 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کیے گئے، بانی پی ٹی آئی کا بھانجا فوجی وردی لہراتا رہا، جو شہدا کے مجسموں کو آگ لگائے گا وہ ہم میں سے نہیں ہو سکتا، پاکستان مشکلات کے باوجود ترقی کر رہا ہے لیکن اسے کمزور کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کمزور ہو گا تو استحکام نہیں آسکے گا، ملک کمزور ہو گا تو پارلیمنٹ نہیں چل سکے گی، ہم کبھی بھوک ہڑتال اور کبھی ملک بند کرنے کی بات سنتے ہیں، پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں 11 سال سے حکومت ہے، ایک منصوبہ بتا دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کاوشوں کی وجہ سے ملک آگے بڑھ رہا ہے، تحریک انصاف والے چاہتے تھے ملک ڈیفالٹ ہو، پاکستان کی لڑائی لڑنا ہماری نہیں، سب جماعتوں کی ذمہ داری ہے، حکومت کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں