خیبر پختونخوا میں بدامنی بڑھ گئی، وزیراعلیٰ خود بھتہ دیتا ہے: فیصل کریم کنڈی

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ خود بھتہ دے رہا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حیات آباد میں جاب فیئر تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں خیبرپختونخوا میں امن تھا، 2012ء کے خیبرپختونخوا اور اب کے خیبرپختونخوا میں بہت فرق ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ شام کو ڈی آئی خان میں کوئی گھر سے نہیں نکل سکتا ہے، ہم بھی کہتے ہیں کہ بدامنی بہت بڑھ گئی ہے، وزیراعلیٰ کو بنوں واقعہ پر اسی وقت بنوں جانا چاہے تھا، سوشل میڈیا پر فیک خبریں چلی تھیں جس سے پریشانی بڑھی۔

گورنر کے پی نے مزید کہا کہ پولیس اور پاک فوج کے خلاف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے، جو پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتا اس کے خلاف کارروائی کی جائے، پہلے بھی مشورہ دیا تھا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس کیا اختیارات ہیں وہ مجھے علم ہے، گورنر کے اختیارات کوئی نہیں لے سکتا، خیبرپختونخوا کی جامعات مستقل وائس چانسلر سے محروم ہیں اس پر توجہ دینی چاہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں