سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی مثبت معاشی رجحان کی عکاس ہے: محمد اورنگزیب
اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی مثبت معاشی رجحان کی عکاس ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ک نے موڈیز ریٹنگز کے نمائندوں کے ساتھ زوم میٹنگ میں شرکت کی ، اجلاس میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے ، وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال سے متعلق موڈیز نمائندوں کو آگاہ کیا اور آئی ایم کے ساتھ 9 ماہ کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیاب تکمیل بارے بتایا۔
محمد اورنگزیب نے ملک کے مثبت معاشی اشاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون 2024 میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 9.4 بلین امریکی ڈالر تک ہوگئے، سٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی مثبت معاشی رجحان کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حساس اعشاریوں میں افراطِ زر شرح 12.6 فیصد پر آگئی، غیر ملکی ترسیلات زر میں 7.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے بارے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہیں، مالی سال 2023 کے مقابلے2024 کے دوران ٹیکس کی وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب تاجروں نے پہلی بار ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کروایا، آئی ٹی کی برآمدات 3 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں ہیں، توانائی کے شعبے اور ریاستی ملکیتی اداروں میں جاری اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے آخر میں وفد کو نئے آئی ایم ایف پروگرام بارے بھی آگاہ کیا، موڈیز ریٹنگز کے نمائندوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کو سراہا۔