شہبازحکومت ناکام چکی، عوام نئے الیکشن کی تیاری کرے: عمر ایوب

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے عوام نئے انتخابات کی تیاری کرے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومئی واقعات کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج کو سامنےلایا جائے، زمان پارک کے باہرکی بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی سامنے لایا جائے، جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کی بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کو غائب کر دیا گیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو چھپانا بھی ایک جرم ہے، آج ہماری بانی پی ٹی آئی عمران خان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، قوم نئے الیکشن کی تیاری کرے، نئے الیکشن ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف، مریم نواز حکومت ڈوب گئی ہے، شہبازشریف، مریم نواز نے فوج کو آگے کر دیا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے، عوام اور پاک فوج کو کبھی بھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہئے، تمام مسائل کا ایک ہی حل ملک میں نئے الیکشن ہونے چاہئیں۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کل جمعہ کو باہر نکل کر پرامن احتجاج کریں، بانی پی ٹی آئی نے پنجاب کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کی کارکردگی کو سراہا، ہمیں پانچ اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے، پانچ اگست جلسے کی سربراہی علی امین گنڈا پور کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن نے آئین کی غلط تشریح کی، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنر مستعفی ہوجائیں، چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ خواجہ آصف جیسے بندے کی کوئی حیثیت نہیں، ہمارے لوگوں کو اینٹی کرپشن کے لوگ گرفتار کر رہے ہیں، ایسے ماحول میں کیسے مذاکرات ہوسکتےہیں، شہبازشریف حکومت پاک فوج اور تحریک انصاف کو آمنے سامنے کررہی ہے۔

عمرایوب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، فوج تب مضبوط ہوتی ہے جب عوام پیچھے کھڑی ہوتی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں