شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش، سمندری ہوائیں بحال، موسم خوشگوار

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سے متعدد علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج دن بھر وقفے وقفے سے بادل برسنے کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے تاہم شہر کا موجود درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے20 سے22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رات سے اب تک ہونے والی بارش کے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں، سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 11.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شاہراہ فیصل پر 11 ملی میٹر ، نارتھ کراچی میں 10، کورنگی میں 8.8 ، اولڈ ایئر پورٹ ایریا میں 6 اور جناح ٹرمینل پر 5.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح یونیورسٹی روڈ، ڈیفنس میں 5 ملی میٹر ، کیماڑی میں 4.5 ، سرجانی ٹاؤن میں 2.5، پی اے ایف مسرور بیس 1.5 اور سب کم بارش ناظم آباد میں 1 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں