ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس کی خبریں بے بنیاد قرار

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایف بی آر نے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس کی خبروں کی تردید کردی۔

ایف بی آر کے ترجمان بختیار محمد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا ، ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سالوں بعد نہ صرف گولڈمیڈل جتوایا بلکہ اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ہے ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھانے پر وفاقی ، پنجاب اور سندھ حکومت کی جانب سے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے جس پر یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ ان انعامات پر مبینہ طور پر ٹیکس وصول کیا جائے گا، ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا، انکم ٹیکس قوانین میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اولمپیئن ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،اُن کےساتھ ہرممکن تعاون کیاجائےگا، انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 156 کے تحت پرائز بانڈ اور لاٹری انعامات پرٹیکس ہے، کوئز مقابلوں کے انعامات اور کمپنیوں کی طرف سےسیل پروموشنز پر ٹیکس عائد ہوتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں