تاریخی کامیابی پر والدین، قوم، کوچز اور میڈیا کا شکر گزار ہوں: قومی ہیرو ارشد ندیم

لاہور: (دنیا نیوز) پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ تاریخی کامیابی پر والدین، قوم، کوچز اور میڈیا کا شکر گزار ہوں۔

وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، پاکستان بورڈ اور کوچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کامیابی کے پیچھے میری اور میرے کوچ کی بڑی محنت ہے۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اس سے قبل ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔

’وزیراعظم کا شکریہ، ان کا لگایا ہوا پودا ہوں‘

گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ اولمپکس گولڈ میڈل جیتنے پر بے حد خوشی ہوئی، وزیر اعظم شہبازشریف کے یوتھ پروگرام کا پودا ہوں جو آج تنآور درخت بن چکا ہے اس لئے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے میڈیا کوریج پر بھی شکریہ ادا کیا۔

ارشد ندیم کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یوتھ فیسٹیول میں دلجمعی کے ساتھ شرکت کی تھی، اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر بے حد خوشی ہے، میں آئندہ آنے والے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں