فخر پاکستان گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے گھر پہنچ گئے، گاؤں میں جشن کا سماں
میاں چنوں: (دنیا نیوز) اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم قافلے کی صورت میں اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
قومی ہیرو کے استقبال کیلئے پورا گاؤں امڈ آیا، پھولوں کی پتیاں اور نوٹ نچھاور کئے گئے، ارشد ندیم کے گاؤں میں جشن کا سماں بندھ گیا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جبکہ فضا ارشد ندیم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے گھر پہنچنے پر جذبانی مناظر دیکھنے میں آئے، ماں نے عظیم سپوت کو گلے لگا کر استقبال کیا، ارشد ندیم والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے، دیکھنے والوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک پڑے، عزیز واقارب اور خواتین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور گلے لگ کر مبارکباد پیش کی۔
قوم کا پیار دیکھ کر بہت خوشی ہے، شاندار استقبال پر سب کا مشکور ہوں: ارشد ندیم
گھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ نیرج چوپڑا بھی بھائیوں کی طرح اور دوست ہے، جس ایتھلیٹ نے جتنی محنت کی اللہ نے اس کا پھل دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:خوش آمدید! قومی ہیرو ارشد ندیم کا پاکستان پہنچنے پر فقید المثال استقبال
قبل ازیں قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔
بیٹے کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں: والدین ارشد ندیم
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں، ملک اور پاکستانی عوام کی بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کیلئے دعائیں کیں، استقبال کیلئے اپنے بیٹے کا گھر پر انتظار کر رہی ہوں، بیٹا گھر پہنچے گا تو ہم مل کر خوشیاں منائیں گے، بیٹے کی گھر آمد پر جو خوشی ہوگی اس کو بیان نہیں کر سکتی۔
ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ یہ سب اللہ کا خاص کرم ہے، میں تو مزدور ہوں، میرے بیٹے نے ملک کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا، کامیابی پر بہت خوش ہوں، عوام کی جانب سے بیٹے کو سراہنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ارشد ندیم کے بھائی نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہت محنت کی، ہم بہت خوش ہیں، والہانہ محبت پر عوام کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ رات گئے ارشد ندیم غیر ملکی پرواز سے 1 بج کر 25 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود، صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے قومی ہیرو کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ سٹیٹ لاؤنج میں ارشد ندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، بیٹے کے استقبال کے دوران والد جذباتی ہوگئے جبکہ خود ارشد ندیم کی آنکھیں بھی پُرنم دکھائی دیں، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
مینز جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا، ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔