ریشم نے سید نور کو کیریئر کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ماضی کی معروف اداکارہ ریشم نے ہدایتکار سید نور کو اپنے کیریئر کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

حال ہی میں اداکارہ ریشم ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے نجی زندگی، پسند ناپسند اور کیریئر کے حوالے سےکھل کر اظہار خیال کیا۔

پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ریشم کا کہنا تھا کہ میں نے حال ہی میں ہدایتکار سید نور کو یہ کہتے ہوئے سنا تھا کہ ریشم ایک بدقسمت اداکارہ ہیں کیونکہ ریشم نے سستے پروڈکشن ہاؤسز میں کام کرکے خود کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں کہ میں نے اچھی اور بری فلموں میں کام کیا لیکن مجھے یہ ثابت کریں کہ کس اداکار نے اچھا برا کام نہیں کیا، ہر فنکار اپنے کیریئر میں اچھے برے پراجیکٹس کرتا ہے لیکن مانتا کوئی نہیں، سب کو یہ لگتا ہے کہ صرف ریشم نے فلاپ فلمیں کیں۔

ریشم کا کہنا تھا کہ میرے کیریئر کی تباہی کے ذمہ دار ہدایتکار سید نور ہیں، سید نور نے میرے پاؤں پر کلہاڑی ماری، صرف وہ ہی میرے مزاج کے ہدایتکار تھے لیکن ایک وقت پر انہوں نے مجھے کام دینا بند کردیا تھا کیونکہ انہیں اداکارہ صائمہ جی سے محبت ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنی ہر فلم میں صرف انہیں ہی کاسٹ کرتے تھے۔

پوڈ کاسٹ کےد وران میزبان نے پسندیدہ سیاستدان سے متعلق سوال کیا جس پر اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان میرے پسندیدہ سیاستدان ہیں کیونکہ انہوں نے انسانی خدمت کیلئے بہت کام کیا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاستدان سے زیادہ ایک بہت اچھے انسان ہیں، وہ بہت اچھا دل رکھتے ہیں، بہت اچھے جذبات رکھتے ہیں، ان کا نظریہ پاکستان کو لے کر بہت اچھا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان شوکت خانم کی وجہ سے پسند ہیں، دُکھی انسانیت کے لیے جو اس نے کیا وہ کسی حکمران نے نہیں کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں