یوم آزادی کی تقریبات: محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم آزادی پر تمام صوبائی اور بین الاضلاعی داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی چیکنگ کی ہدایت جاری کر دی، اہم عمارتوں، دفاتر اور حساس مقامات کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں یوم آزادی کی تقریبات سے قبل فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، یوم آزادی کی تمام تقریبات سے قبل سپیشل برانچ سے وینیو کی ٹیکنیکل سویپنگ ضرور کروائی جائے۔

اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت ترین ایکشن کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی جبکہ ون ویلِنگ اور ریش ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ون ویلِنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے پنجاب بھر میں ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے، بڑے شہروں میں چیف ٹریفک آفیسر اور چھوٹے شہروں میں ڈی ایس پی ٹریفک ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ سکیورٹی پر تعینات عملے کیلئے خصوصی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے، سکیورٹی پر تعینات عملہ تقریبات کے اختتام اور شرکاء کی پرامن روانگی تک ڈیوٹی پر موجود رہے، بازاروں، پارکس اور شاپنگ مالز کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔

ترجمان نے بتایا کہ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ اہم مقامات پر پولیس کے ایس او پیز کے مطابق مؤثر ناکہ بندی کی جائے، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سول ڈیفنس کا عملہ ہائی الرٹ رہے گا، ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور ضروری ادویات کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔

فورتھ شیڈول میں موجود افراد اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال میں بہتری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کیے جائیں۔

بڑے شہروں میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا جائے، عوامی آگاہی کیلئے ٹریفک ڈائیورژن پلان کی مناسب تشہیر یقینی بنائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں