ٹک ٹاک نئی اپ ڈیٹس کیلئے واٹس ایپ کو ٹکر دینے کیلئے تیار

بیجنگ :(ویب ڈیسک ) ویسے تو ٹک ٹاک کو ویڈیو شیئرنگ ایپ تصور کیا جاتا ہے مگر اب یہ براہ راست واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔

جی ہاں! واقعی دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ کو ٹک ٹاک کی شکل میں نئے حریف کا سامنا ہوسکتا ہے، ٹک ٹاک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں میسجنگ کے حوالے سے گروپ چیٹس اور سٹیکرز جیسی 2 بڑی اپ ڈیٹس کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ابھی ٹک ٹاک میں ون آن ون میسجنگ کرنا ممکن ہے مگر اب اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کو گروپ چیٹس کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

کمپنی کے مطابق اب ٹک ٹاک میں صارفین گروپس بناسکیں گے اور ہر گروپ چیٹ میں 32 افراد کو شامل کیا جاسکے گا، کسی بھی گروپ میں شامل تمام افراد چیٹ کرسکیں گے، ویڈیوز شیئر کرسکیں گے اور ان ویڈیوز پر کمنٹس کرسکیں گے،البتہ 13 سے 15 سال کی عمر کے صارفین کے لیے گروپ چیٹس کا فیچر دستیاب نہیں ہوگا جبکہ 16 سے 17 سال کی عمر کے نوجوان گروپ چیٹس فیچر کو استعمال کرسکیں گے مگر انہیں چند پابندیوں کا سامنا ہوگا۔

اس عمر کے صارفین کو کسی گروپ چیٹ میں ان کے دوست ہی ایڈ کرسکیں گے (یعنی دونوں کا ایک دوسرے کو فالو کرنا ضروری ہوگا)، اگر کسی نوجوان کو گروپ چیٹ میں شامل ہونے کا لنک بھیجا جائے گا تو وہ اس وقت تک گروپ کا حصہ نہیں بن سکے گا جب تک اس میں اس کا ایک دوست شامل نہیں ہوگا۔

صارفین کو زیادہ کنٹرول دینے کے لیے ٹک ٹاک کی جانب سے کسی بھی چیٹ گروپ میں شامل تمام افراد کو میوٹ اور بلاک ٹولز تک رسائی فراہم کی جائے گی، اسی طرح صارفین پلیٹ فارم کی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر کسی انفرادی فرد کے میسجز یا پورے گروپ کے خلاف رپورٹ کرسکیں گے۔

کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے ڈائریکٹ میسجز کے لیے اسٹیکرز بھی متعارف کرائےجا رہے ہیں، صارفین اپنے سٹیکرز خود بنا کر ٹک ٹاک میں دیگر افراد کے ساتھ شیئر کر سکیں گے یا اپنے پسندیدہ اسٹیکرز تلاش کرکے دوستوں سے چیٹ کرتے ہوئے میسجز اور ویڈیوز کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں