پورے پاکستان نے استقبال میری محنت سے زیادہ کیا، ارشد ندیم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اولمپکس گولڈ میڈلسٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے گولڈ میڈل جتوایا ہے، 14 اگست گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے، پلیئرز کی حوصلہ افزائی سے اس میں مزید جوش و جذبہ پیدا ہوتا ہے، پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ آل پنجاب کرکٹ کھیلی ہے، بھائی نے کہا کہ کرکٹ چھوڑ کر ایتھلیٹکس میں آ جاؤ جس کے بعد میں نے جیولین تھرو 2012 سے شروع کیا۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے مزید کہا اب تک کئی ریکارڈ قائم کیے، اللّٰہ تعالیٰ مجھے فٹ رکھے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا، ہم 14 اگست گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں