وقت آگیا ہے پوری قوم یکجا ہو کرصرف پاکستان کا سوچے : محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم یکجا ہو کر پاکستان کا سوچے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اہل وطن کو جشن آزادی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، آزادی ایک نعمت ہے، اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ ہم آزادوطن میں سانس لے رہے ہی

انہوں نے کہا کہ آزادی کی قدر کو جاننا ہے تو غلام قوموں سے جانیے ، ہمیں بحیثیت قوم آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا اور سمجھنا ہوگا، آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون دیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی کامزید کہنا تھا کہ پاکستان جیسا خوبصورت اور وسائل سے مالا مال ملک پوری دنیا میں نہیں، بدقسمتی سے بحیثیت قوم ہم سب نے 77 برس باہمی اختلافات، گروہی تفریق اور لسانی و فرقہ وارانہ تعصبات میں ضائع کئے۔ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم یکجا ہو اور ایک ہو کر پاکستان کا سوچے۔

ان کاکہنا تھاکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، انا، تعصبات، اختلافات اور تفرقات کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر پاکستان کو عظیم ملک بنانے کی جدوجہد میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ یوم آزادی کا تقاضاہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر روشن مستقبل کی طرف بڑھیں، ایمان،اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہ کر سب کو ملکی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قوم ہر چیلنج سے سرخرو ہوکر نکلے گی ، آئیے آج عہد کریں کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے لیے سب ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں