نئی دہلی: جشن آزادی کی تقریب، بھارتی سرزمین ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی
نئی دہلی (دنیا نیوز) پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے نئی دہلی میں 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
پاکستانی ناظم الامور نے چانسری لان میں منعقدہ تقریب میں قومی پرچم سربلند کیا جبکہ تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ نے اپنے خاندانوں کے ساتھ شرکت کی۔
ناظم الامور نے تقریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، 14 اگست 1947 ناقابل شکست ولولے، بے مثال جدوجہد اور ان گنت قربانیوں کے لازوال سفر کا نقطہ عروج تھا۔
ناظم الامور نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے جو تاریخی کارنامہ انجام دیا، وہ تاریخ کے صفحات پر نقش ہے، پاکستان کی بنیاد جمہوریت، سماجی مساوات اور رواداری کے دائمی اصولوں پر رکھی گئی تھی، تقریب میں علامہ محمد اقبال کے متاثر کن وژن اور قائداعظم کی متحرک قیادت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ناظم الامور کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آزادی کے بعد سے کئی اہم سنگ میل عبور کئے اور ترقی کی منازل طے کیں، وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر منحصر ہے۔