پاکستان کی فاتح انڈر 19 ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں کھلاڑیوں کا ایئرپورٹ پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر استقبال کیا گیا۔

 انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دینے والی پاکستانی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 سے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کیے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس دوران ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی کی انڈر 19 ایشیاء کپ جیتنے پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد

چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے، فائنل میں کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔

میچ کا احوال
دبئی میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے، سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، اس کے ساتھ ہی سمیر ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بھی قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کامیابی ہمیں برسوں تک یاد رہے گی: توصیف احمد

پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چھکے چوکوں کی بارش! سمیر منہاس نے بھارت کیخلاف میچ میں ریکارڈ بنا دیا

ایونٹ کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی جانب سے ملنے والے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاوید میانداد کی ہاتھ نہ ملانے پر بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پر کڑی تنقید

بھارتی ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے، سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19، ارون جارج 16 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 4، محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں