مذاکرات جمہوریت کا حصہ، سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے جمہوریت کی بقا کے لیے ایک بار پھر مل بیٹھنے کی تجویز دے دی۔
تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی دو روزہ قومی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین رہا نہ عدلیہ، جو ججز کھڑے ہوسکتے تھے وہ چلے گئے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اُنہوں نے جمہوریت کی بقا کے لیے ایک بار پھر مل بیٹھنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات جمہوریت کا حصہ ہیں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کو عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہیں، ہم نے جو اہداف حاصل کرنے تھے 2 سال میں وہ حاصل نہیں کرسکے، ہم پھر بھی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
آخر میں اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ بیرسٹر گوہر نے اپنی گفتگو میں اِس بات پر بھی زور دیا کہ یہ ملک ہمارا ہے، یہ فوج ہماری ہے، مسائل کے حل کے لیے راستہ بنانا ہوگا۔