کچے میں پنجاب اور سندھ پولیس کا مشترکہ آپریشن، سات مغوی بازیاب، 9 ڈاکو ہلاک
اوباڑو:(دنیا نیوز) سندھ پنجاب کے سرحدی علاقوں کراچی کچہ اور رازی کچہ میں آپریشن چھٹے روز بھی جاری ہے، پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں 9 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران 7 مغوی بازیاب، ایک مغوی جاں بحق ہوگیا، آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس ڈاکوں کے 17 ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے بعد اگلے ٹھکانوں میں داخل ہو گئے، پولیس نے19 سے زائد ڈاکوؤں کے سہولت کار بھی گرفتار کر لیے۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کا کہنا تھا کہ پولیس کے سرچ اپریشن کے دوران ملنے والا بھاری اسلحہ مغوی، اور ڈاکوؤں کی لاشیں پنجاب کے ڈی پی او روجھان کے حوالے کردیں، انڈھڑ، لٹھانی اور سکھانی گینگ کے کئی ڈاکو مارے گئے۔
انور کھیتران کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے کے بعد ڈاکو علاقہ چھوڑ کر فرار ہو گئے، پولیس نے کچہ کراچی، کچہ رجوانی اور کچہ راضی کا کنٹرول سنبھال لیا۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ فورسز کا مشترکہ آپریشن آخری ڈاکو کے خاتمے تک جاری رہے گا۔