علی امین کا اپنی جیب سے ارشد ندیم کو 50 لاکھ انعام دینے کا اعلان
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچا کرکھیلوں کی طرف لانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، ارشد ندیم پاکستان کا فخر ہے، ارشد ندیم کو سرکاری خزانے کے بجائے اپنی جیب سے 50 لاکھ دوں گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جلد ارشد ندیم کو خیبرپختونخوا میں دعوت دیں گے، نوجوان ہمارا فخر اور ہماری امید ہیں، نوجوانوں نے پاکستان کے مستقبل کو بہتر بنانا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سپورٹس ٹریننگ کی وجہ سے ڈٹ کرکھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم سے کہوں گا تین دن کے لئے خیبرپختونخوا آکر نوجوانوں کو جیولن تھرو کی تربیت دیں، ہمارے نوجوان پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کریں گے، کھیلوں کے لئے بجٹ مختص کیا ہے، نوجوانوں کو مواقع دیں گے۔